پاکستانی خبریں

پشاور ہائیکورٹ نے صنم جاوید کو سات دن کی حفاظتی ضمانت دیدی

خلیج اردو
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما صنم جاوید کو پشاور ہائیکورٹ نے سات روز کے لیے حفاظتی ضمانت دے دی، عدالت نے کسی بھی درج مقدمے میں انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ صنم جاوید حال ہی میں جیل سے رہا ہوئی ہیں اور اُن کے خلاف مختلف مقدمات درج ہیں جن کی تفصیلات انہیں معلوم نہیں۔ صنم جاوید نے بتایا کہ وہ مسلسل عدالتوں میں ٹرائلز کا سامنا کر رہی ہیں اور گزشتہ روز جب وہ ایک مقدمے کی پیشی کے بعد عدالت سے باہر نکلیں تو گیٹ پر ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بھی تسلیم کیا کہ بعض مقدمات کی تفصیلات ابھی تک مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔ اس پر جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ "ہمارے سامنے کوئی ایف آئی آر نہیں ہے تو ہم حفاظتی ضمانت کیسے دے سکتے ہیں؟ متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔”

تاہم تمام نکات سننے کے بعد عدالت نے صنم جاوید کو سات دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے پولیس کو اس مدت کے دوران کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button