
خلیج اردو
اسلام آباد، 8 جولائی 2025 — سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں مقتولہ ثناء یوسف کے والدین نے شرکت کی اور اسلام آباد پولیس کی تفتیشی کارکردگی کو سراہا۔ والدہ نے سینیٹر عرفان صدیقی کے استفسار پر بتایا کہ وہ پولیس کی کارروائی سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
سینیٹر فلک ناز نے ثناء یوسف کے قتل کو ناقابل تلافی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عثمان طارق نے بتایا کہ عید کے باعث محدود وقت میں شناخت پریڈ کرانا ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن مقتولہ کے والدین نے بھرپور حوصلے اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیس صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پاکستان کی 12 کروڑ بچیوں کا مقدمہ ہے، اور اس میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس کے دوران اراکین نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔






