
خلیج اردو
کراچی، 8 جولائی 2025 — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے مکروہ دھندے میں ملوث بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا دباؤ قبول کئے بغیر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے موقع پر کہی۔
وزیر داخلہ نے واضح ہدایات دیں کہ بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا نہ صرف پاکستان کا عالمی امیج خراب کر رہا ہے بلکہ انسانی سمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی صرف کاغذوں میں نہیں، عملی طور پر نظر آنی چاہیے۔
محسن نقوی نے جعلی ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو بھی آہنی ہاتھوں سے کچلنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن اور پانچ ہزار ڈالر سے زائد رقم بیرون ملک لے جانے والے مسافروں پر سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قانون کا اطلاق یکساں اور بے لاگ ہونا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو متحرک اور پیشہ ورانہ انداز میں مافیا کے خلاف ایکشن لینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کو سیاسی یا ذاتی دباؤ سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔






