
خلیج اردو
اسلام آباد: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے پارٹی کی اندرونی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اصل حقائق سے آگاہ نہیں کیا جا رہا، اور انہیں ہر معاملے میں یرغمال بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں دن رات ساتھ دینے والوں کو نظرانداز کر دیا گیا، اور دکھاوا جیت گیا۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ وفاداری کی پارٹی میں کوئی قدر نہیں رہی، پیسے اور تعلقات کی بنیاد پر ٹکٹ دیے گئے، جبکہ قابلیت، خدمت اور وفاداری کو نظرانداز کر کے سفارش اور سرمایہ بازی لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے قریب بیٹھنے والے کارکنوں کو محروم کر کے سینیٹ کی نشست مرزا آفریدی کو دے دی گئی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کو گمراہ کیا گیا یا انہوں نے خود یہ فیصلہ کیا؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف نظریاتی لوگوں سے دور ہو رہی ہے، اور اندرونی طور پر کھوکھلی ہو چکی ہے۔ شیرافضل نے انکشاف کیا کہ پارٹی میں سینیٹ کی نشستیں بیچی گئیں، اور بعض سینیٹرز نے خود اس کا اعتراف کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا اصل بحران بیرونی سازش نہیں بلکہ اندرونی بگاڑ ہے، اور پارٹی میں میرٹ کی جگہ صرف مال کا راج ہے۔ شیرافضل نے کہا کہ بانی عمران خان کے اردگرد کا حلقہ پارٹی کو تقسیم کر رہا ہے اور ان کا پیغام دبایا جا رہا ہے۔ کارکنوں کو خاموش کرایا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پارٹی میں اندرونی احتساب نہیں ہو گا، بگاڑ بڑھے گا۔ غلط فیصلے کرنے والوں کا احتساب نہ ہوا تو پارٹی مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے غلط فیصلوں کی سزا آج کے کارکن بھگت رہے ہیں، اور اگر نظریاتی اور مخلص کارکن خاموش رہے تو تبدیلی ممکن نہیں ہو گی۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف میں اصلاح کے بغیر انقلاب صرف ایک خواب ہے، اور اگر ٹکٹ بانٹنے والے اور کارکن برابر سمجھے جا رہے ہیں تو یہی اصل مسئلہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کو اندر سے مضبوط بنانے کے لیے ایماندار احتساب ضروری ہے۔






