
خلیج اردو
کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے لاپتہ شہریوں کی گمشدگی سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے وقار الرحمان کی بازیابی سے متعلق درخواست لاپتہ افراد کے کمیشن کو ارسال کر دی۔
سیف الاسلام ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وقار الرحمان 2016 سے لاپتہ ہیں اور اس سلسلے میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ یہ بات لاپتہ افراد کے کمیشن کو بھی بتائی جائے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اب تک جو پیش رفت ہوئی ہے، اس کے بارے میں درخواست گزار کو آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ پولیس کی جانب سے اکثر سٹیریو ٹائپ رپورٹس پیش کی جاتی ہیں جو اصل صورتحال کی عکاسی نہیں کرتیں۔





