پاکستانی خبریں

متعدد مقدمات میں ملزمان کا ابھی تک چالان جمع نہیں ہوا،سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ: نو مئی کے ملزمان کے مقدمات چار ماہ میں نمٹانے کی ہدایت

خلیج اردو
اسلام آباد، 18 اپریل: سپریم کورٹ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے مقدمات سے متعلق تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ شفاف ٹرائل کو یقینی بناتے ہوئے تمام مقدمات کا فیصلہ چار ماہ کے اندر مکمل کریں۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ یہ مدت فیصلے کے موصول ہونے کے دن سے شروع ہوگی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شفاف ٹرائل ہر ملزم کا آئینی حق ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز اور انتظامی ججز ہر پندرہ روز میں ماتحت عدالتوں سے عملدرآمد سے متعلق رپورٹس طلب کرسکتے ہیں، جب کہ ہائیکورٹس اور مانیٹرنگ ججز پر لازم ہوگا کہ وہ اس عمل پر مسلسل نظر رکھیں۔

عدالت نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ کئی ملزمان نے ایک سے زائد مقدمات میں نامزد ہونے، چالان جمع نہ ہونے یا ریکارڈ فراہم نہ ہونے کی بنیاد پر کارروائی مؤخر کرنے کی درخواستیں دائر کیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایسی درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

فیصلے میں ریکارڈ کی عدم دستیابی کو بھی ایک اہم اور توجہ طلب مسئلہ قرار دیا گیا، جس پر ٹرائل کورٹس کو خاص دھیان دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شفاف اور بروقت ٹرائل کی راہ میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button