پاکستانی خبریں

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس، 19 شکایات خارج، ضابطہ اخلاق میں ترامیم پر مزید غور کا فیصلہ

خلیج اردو
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف دائر 24 شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس جنید غفار نے شرکت کی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آرٹیکل 209 کے تحت دائر 24 شکایات میں سے 19 شکایات کو متفقہ طور پر خارج کر دیا گیا جبکہ 5 شکایات کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انکوائری کے طریقہ کار پر مزید مشاورت کرنے اور ضابطہ اخلاق میں ترامیم پر قانونی پہلوؤں کا گہرائی سے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سپریم جوڈیشل کونسل نے سروس رولز 2025 کا مسودہ بھی منظور کر لیا ہے۔

اجلاس میں عدالتی شفافیت، جوابدہی اور ضابطہ اخلاق کو بہتر بنانے کے لیے پیش رفت پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کونسل نے آئندہ اجلاس میں ضابطہ اخلاق میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی بحث کی منظوری بھی دی ہے تاکہ اعلیٰ عدلیہ کے احتساب کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button