عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد قرض پروگرام کے جائزے کیلئے اسلام آباد پہنچ گیا۔آئی ایم ایف حکام نے وزارت خزانہ میں پہلے پاکستانی حکام سے رسمی ملاقات کی پھر تکنیکی مذاکرات ہوئے۔مختلف شعبوں میں اہداف پر پیش رفت کیلئے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ معاشی ٹیم نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔۔ حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قرض پروگرام کی پہلی سہ ماہی کیلئے تمام شرائط پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کا جائزہ مشن مذاکرات کے لیے مشن چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں وزارت خزانہ پہنچا۔ پہلے نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے آئی ایم ایف وفد کا تعارفی سیشن ہوا۔ جس کے بعد فریقین میں تکنیکی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف مشن کو بریفنگ دی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ قرض پروگرام کے تحت تمام اہداف پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اقتصادی جائزے تک آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ آئی ایم ایف وفد نے معاشتی ٹیم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تمام اہداف پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہے۔
آئی ایم ایف مشن آئی ایم ایف حکام، وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، وزارت تجارت اور توانائی کے حکام کے ساتھ مختلف شرائط پر عملدرآمد اور معاشی ڈیٹا کا جائزہ لے گا۔ دوسرے مرحلے میں پالیسی لیول مذاکرات ہوں گے۔ جس میں نئے اہداف
اور شرط طے کی جائیں گی۔۔
جون میں طے پانے والے تین ارب قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو چکی ہے۔ حالیہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں مزید 71 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط دی جائے گی۔ نگران حکومت مذاکرات کی کامیابی کیلئے پر امید ہے۔