
خلیج اردو
اسلام آباد:دہشتگردوں کے بزدلانہ خودکش حملوں پر علماء کرام اور عوام کا شدید اظہار افسوس و مذمت۔ کہتے ہیں اسلام میں اس قسم کے حملے ناجائز ہیں اور یہ خوارج کی طرف سے کیے گئے۔ اس طرح کے حملے کرنے والے دشمنانِ اسلام کے اہلکار ہیں اور ہماری تمام سیکیورٹی فورسز ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔
علما کرام کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی طرف سے خودکش حملے کرنا انتہائی مذموم اور قابل نفرت عمل ہے اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ایسی کارروائیاں کرنے والے مسلمان ہو ہی نہیں سکتے، یہ اسلام کے دشمن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اللّٰہ پاک ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنائے، سیکیورٹی فورسز ان دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔۔
دوسری جانب عوام کا کہنا ہےکہ دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے، تمام سیاسی قوتوں کو مل کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہئے، اسلام کے نام پر جنونی گروہ مسلمانوں کا قتلِ عام کرتے ہیں وہ مسلمان کہلانے کے لائق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کرکے ملک میں دہشتگردی پھیلا رہے ہیں، پاک فوج اور نگران حکومت کے خلاف یہ ایک سازش ہے، ہم اور ہماری نسلیں تمام تر دہشتگردی کے باوجود میلاد اسی جذبے سے مناتے رہیں گے۔
عوام نے اپیل کی ہے کہ تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر ہو کر دہشتگردی کا سدباب کرنا ہو گا۔ شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ظالموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے ۔