
خلیج اردو
ساہیوال:تھائی لینڈ میں ہنی ٹریپ کے ذریعے ساہیوال کے دو نوجوانوں سمیت تین پاکستانی شہریوں کو اغوا کر لیا گیا ہے، جبکہ اغواء کاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ مغوی نوجوانوں کی شناخت عثمان امین، محمد احمد اور تجمل شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مغوی نوجوانوں کے والدین کے مطابق یہ نوجوان سوشل میڈیا پر ایک بھارتی لڑکی کے رابطے میں تھے، جس نے ان سے دوستی کے بعد انہیں تھائی لینڈ کے لیے فضائی ٹکٹ بھیجی، لیکن ان کی منزل تھائی لینڈ کی بجائے میانمار نکلی۔
ذرائع کے مطابق، لڑکی کی جانب سے نوجوانوں کو گھمانے اور ملنے کے وعدے پر راضی کیا گیا، لیکن جیسے ہی وہ غیر ملکی سرزمین پر پہنچے، اغواء کاروں کے ہتھے چڑھ گئے۔
والدین نے حکومت پاکستان، دفتر خارجہ اور وزارت داخلہ سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بچوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جائے اور انسانی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے سخت کارروائی کی جائے۔






