
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان نے امریکا کو بغیر کسی تجارتی ٹیرف کے دوطرفہ تجارتی معاہدے کی پیشکش کر دی ہے۔ ذرائع وزارت تجارت کے مطابق پاکستان نے تجویز دی ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تجارتی شعبوں پر زیرو ٹیرف کے تحت معاہدہ کریں تاکہ دوطرفہ تجارت کو وسعت دی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش امریکی صدر کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی معاہدے کے بعد کی گئی، جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ دونوں ملکوں کے ساتھ ‘بہت سی تجارت’ کریں گے۔ پاکستان نے امریکی صدر کے اس بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تجاویز دی ہیں کہ منتخب ٹیرف لائنز پر زیرو ٹیرف کی بنیاد پر باہمی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی معاہدہ کیا جائے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ٹیکسٹائل، زراعت، فارماسیوٹیکل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مستحکم کرنا اور باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے خلیجی دورے کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کو پیغام دیا تھا کہ لڑائی کے بجائے تجارت پر توجہ دیں۔ میرے پیغام پر پاکستان بھی خوش تھا اور بھارت بھی خوش تھا کیونکہ دونوں جانتے ہیں کہ تجارت ان کے مفاد میں ہے، لڑائی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو تنازعات کے بجائے اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہونا چاہیے، یہی واحد راستہ ہے جو پائیدار امن اور خوشحالی کی ضمانت دے سکتا ہے۔






