
خلیج اردو
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل البارسلان بائرقتار نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک۔ترکیہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات کا خصوصی محور توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر رہا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد اور علاقائی استحکام کے لیے شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی بین الاقوامی فورمز پر ترکیہ کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیرِ توانائی البارسلان بائرقتار نے توانائی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کی علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا۔






