پاکستانی خبریں

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا برطانوی ویزا منسوخ، اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت منظور

خلیج اردو
برطانیہ نے پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور یوٹیوبر رجب بٹ کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کر دیا ہے۔ برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق رجب بٹ نے ویزا درخواست میں مکمل اور مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کیں جبکہ پاکستان میں درج مقدمات کو بھی اپنی اپلیکیشن میں ظاہر نہیں کیا، جس کے باعث ان کا ویزا منسوخ کیا گیا۔ ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد یہ معاملہ پاکستان میں تیزی سے قانونی صورت اختیار کر گیا۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے گیمبلنگ ایپ، سائبر کرائم اور دیگر مقدمات میں رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی کل تک کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالتِ عالیہ نے واضح حکم دیا کہ دونوں کو کل اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت گرفتار نہ کیا جائے اور انہیں عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔ یہ احکامات جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے جاری کیے، جس کے بعد دونوں کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

رجب بٹ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی جوا ایپس کی تشہیر کی اور ایسی ایپس کو فروغ دیا جو صارفین کو مالی طور پر نقصان پہنچاتی تھیں۔ اس کے علاوہ لاہور میں ان پر توہینِ مذہب اور سائبر کرائم کی دفعات کے تحت بھی مقدمہ درج ہے، جس میں ان کے لانچ کردہ پرفیوم "295” سے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ گزشتہ سال دسمبر میں انہیں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور شیر کے بچے کی ملکیت کے الزام میں بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مطلوب افراد کی حوالگی، غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی واپسی اور مشترکہ قانونی تعاون کے معاملات پر پیش رفت جاری ہے۔ حال ہی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button