پاکستانی خبریں

ڈس انفارمیشن کے خلاف نوجوانوں اور میڈیا کا کردار قابل فخر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عشائیے سے خطاب

خلیج اردو
راولپنڈی – فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں اور میڈیا نے حالیہ معرکۂ حق کے دوران بھارتی ڈس انفارمیشن مہم کے خلاف موثر اور بھرپور کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وہ سیاسی قیادت کے اعزاز میں دیے گئے خصوصی عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

آرمی چیف نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں صرف افواج پاکستان ہی نہیں بلکہ سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارتکاروں نے بھی کلیدی اور قابلِ تحسین کردار ادا کیا، جس کی بدولت پاکستان ایک بڑے چیلنج سے کامیابی کے ساتھ نکل سکا۔

عشائیے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہان پاک فضائیہ اور بحریہ سمیت سیاسی قیادت، وفاقی وزراء، اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، عشائیے کے شرکاء نے افواج پاکستان کی قربانیوں، قومی عزم، اور عوام کے بلند حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے باہمی ہم آہنگی سے ایک تاریخی کامیابی کو یقینی بنایا۔

تقریب میں قومی وحدت اور اجتماعی قوتِ ارادی کے عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان ہر محاذ پر متحد اور مضبوط ہو کر آگے بڑھے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button