
خلیج اردو
لاہور: لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔
لاہور کی جانب سے کوشال پریرا 62 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، جبکہ محمد نعیم نے 46 اور عبداللہ شفیق نے 41 رنز بنائے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل کی تاریخ میں وہ پہلے کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی ٹیم کو تین بار چیمپئن بنایا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ "تیسری بار ٹرافی جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ تمام کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ پی ایس ایل کا دوبارہ شروع ہونا بڑی بات ہے، شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بھرپور سپورٹ کیا۔ ابتدا میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر نہیں تھی لیکن وہ بعد میں سنبھل گئے۔”
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، مگر ان کی اننگز ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
میچ کے بعد صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی۔ قذافی اسٹیڈیم کراؤڈ سے بھر گیا جہاں 34 ہزار شائقین نے فائنل میچ کا بھرپور لطف اٹھایا۔ اس موقع پر شائقین نے "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ پاک بحریہ کو شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ قبل ازیں، پاک فوج اور پاک فضائیہ کو بھی پی ایس ایل کے دوران خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔






