متحدہ عرب امارات

ابوظبی: ڈاکٹر کو تنخواہوں اور گریجویٹی کیس میں 3 لاکھ 18 ہزار 690 درہم دلادیے گئے

خلیج اردو
ابوظبی، 25 اکتوبر 2025
ابوظبی کورٹ آف کیسیشن نے ایک لیبر تنازعے میں ڈاکٹر کے حق میں اپیل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے میڈیکل سینٹر کو 3 لاکھ 18 ہزار 690 درہم کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔

مقدمے کی دستاویزات کے مطابق، خاتون ڈاکٹر 24 اکتوبر 2022 کو ایک فکسڈ ٹرم کنٹریکٹ کے تحت میڈیکل سینٹر میں بھرتی ہوئیں، جن کی ماہانہ تنخواہ 1 لاکھ 50 ہزار درہم تھی، جس میں 75 ہزار درہم بنیادی تنخواہ اور 20 فیصد کمیشن شامل تھا۔ ڈاکٹر نے 26 دسمبر 2024 کو استعفیٰ دیا اور 25 فروری 2025 تک خدمات انجام دیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ ادارے نے معاہدے کی خلاف ورزی کی اور واجبات ادا نہیں کیے۔

ڈاکٹر نے عدالت میں 30 ہزار درہم تاخیر شدہ تنخواہ، 72 ہزار 500 درہم چھٹی الاؤنس، 95 ہزار درہم گریجویٹی اور دیگر مراعات کا دعویٰ کیا، جبکہ میڈیکل سینٹر نے جوابی دعویٰ میں 1 لاکھ 50 ہزار درہم بطور نوٹس الاؤنس اور 3 لاکھ درہم ہرجانے کے طور پر مانگے۔ دونوں مقدمات کو یکجا کر کے ایک ساتھ سنا گیا۔

ابتدائی عدالت نے 28 اپریل 2025 کو ڈاکٹر کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ادارے کو 3 لاکھ 92 ہزار 708 درہم کی ادائیگی کا حکم دیا، تاہم ساتھ ہی ڈاکٹر کو نوٹس پیریڈ مکمل نہ کرنے پر 1 لاکھ 50 ہزار درہم ادا کرنے کا پابند بھی کیا۔

دونوں فریقین نے اپیل دائر کی جس پر اپیل کورٹ نے ماہرین کا پینل مقرر کیا۔ 27 اگست 2025 کو اپیل کورٹ نے ابتدائی فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے ادارے کو 3 لاکھ 18 ہزار 690 درہم ادا کرنے کا حکم دیا جبکہ دیگر نکات برقرار رکھے۔

ڈاکٹر نے بعد ازاں کیس کورٹ آف کیسیشن میں لے گئی، تاہم عدالت نے اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ اپیل کورٹ نے قانون کے مطابق فیصلہ دیا اور شواہد کا درست جائزہ لیا۔ عدالت نے اپیل کنندہ کو عدالت کے اخراجات اور 500 درہم بطور وکیل فیس ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

کیسیشن کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ مقدمہ حتمی ہو گیا۔ میڈیکل سینٹر کو ڈاکٹر کو 3 لاکھ 18 ہزار 690 درہم ادا کرنے ہوں گے، جبکہ ڈاکٹر کو ادارے کو 1 لاکھ 50 ہزار درہم بطور نوٹس الاؤنس دینے ہوں گے۔ کٹوتی کے بعد ڈاکٹر کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 68 ہزار 690 درہم حاصل ہوں گے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button