خلیج اردو: اینٹی نارکوٹکس فورس اور ائرپورٹ سکیورٹی فورس نے کارروائیوں کے دوران قطر، دبئی اور بنکاک جانے والے مسافروں کے سامان سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
اے این ایف کی جانب سے منشیات کے خلاف ملک بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اے این ایف اور اے ایس ایف کی اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مشترکہ کارروائی کے دوران قطرجانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو ، 24 گرام آئس برآمد کرلی گئی اور صوابی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ائرپورٹ ہی سے دبئی جانے والے ایک دوسرے مسافر کے پیٹ سے 131 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرکے خیبر ایجنسی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب لاہور انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بنکاک جانے والے ملزم کے پیٹ سے 30 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرکے پاکپتن کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس کے علاوہ فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کار سے 4 کلو 800 گرام افیون برآمد کرکے مقامی رہائشی 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں 2 مختلف مشترکہ کارروائیوں میں پلاسٹک کے تھیلوں سے مجموعی طور پر 43 کلو چرس برآمد کرکے افغانستان سے بلوچستان کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
اُدھر چاغی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 25 کلو کرسٹل ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے