
خلیج اردو
بھارتی پولیس نے ملٹی ملین ڈالر کے بلیو چپ انویسٹمنٹ اسکینڈل کی تحقیقات میں بالی ووڈ اداکار سونو سود اور سابق ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر دی گریٹ کھالی کو طلب کرلیا ہے۔ دبئی میں قائم کمپنی کے دھوکہ دہی پر مبنی اس بڑے مالیاتی اسکینڈل کی تحقیقات میں اب ہائی پروفائل شخصیات کو شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم، جس کی قیادت اے ڈی سی پی انجلی وِشواکرمہ کر رہی ہیں، نے دونوں شخصیات کو نوٹس جاری کر کے اپنے بیانات ریکارڈ کرانے کی ہدایت دی ہے۔
اے ڈی سی پی وِشواکرمہ نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ سونو سود اور کھالی کو تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے بلایا گیا ہے۔ سونو سود نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پولیس نے ان سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بلیو چپ میں سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ کمپنی نے ایک ایونٹ میں شرکت کے معاوضے کی ادائیگی بھی نہیں کی، اسی لیے وہ خود کو بھی متاثرہ قرار دیتے ہیں۔
پولیس کے مطابق تحقیقات میں بلیو چپ کی مارکیٹنگ اور تشہیری حکمت عملی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، خصوصاً جولائی 2022 میں دبئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں بلیو چپ ٹوکن کی شاندار تقریب جس میں سونو سود، گریٹ کھالی اور سابق بھارتی کرکٹر محمد اظہرالدین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ کمشنر رگھویر لال سنگھ نے بتایا کہ کئی سلیبرٹیز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور جلد معاملات واضح ہو جائیں گے۔
تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا کوئی مشہور شخصیت باقاعدہ طور پر کمپنی کی تشہیر یا مالیاتی دعووں کی حمایت کرتی تھی یا محض کسی معاہدے کے تحت پیش ہوئی تھی۔ اس دوران کمپنی کے سربراہ سونی کے مختلف معروف شخصیات کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی دیکھی جا رہی ہیں تاکہ کمپنی کی عوامی تشہیری حکمت عملی کو سمجھا جا سکے۔ پولیس نے واضح کیا کہ یہ مواد کسی بھی شخصیت کے خلاف ثبوت نہیں سمجھا جا رہا بلکہ صرف پس منظر جاننے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق سونی نے دبئی میں خود کو ایک نوجوان آئیکون کے طور پر پیش کرنے کے لیے ایونٹس منعقد کیے، ایوارڈز لیے اور متعدد نامور شخصیات سے روابط قائم کیے، جس سے کمپنی کا امیج مضبوط دکھائی دیتا تھا۔ تاہم اسکینڈل اس وقت بے نقاب ہوا جب 2024 کے اوائل میں اچانک تمام ادائیگیاں رک گئیں، دفتر بند ہو گیا اور درجنوں سرمایہ کار کمپنی کے غائب ہونے پر حیران رہ گئے۔
سونی کو دبئی میں ادائیگیوں میں ناکامی کے مقدمات کا بھی سامنا ہے اور اسے حال ہی میں دہرہ دون میں ٹریس کیے گئے ایک فوڈ ڈیلیوری آرڈر کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ وہ اس وقت چھ روزہ پولیس ریمانڈ پر ہے اور اسے مزید دستاویزات اور ریکارڈ کی برآمدگی کے لیے دہلی اور دہرہ دون منتقل کیا جائے گا۔
کمشنر سنگھ کے مطابق اب تک 700 سے زائد سرمایہ کاروں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور درجنوں مالیاتی روابط کی نشاندہی ہوگئی ہے جن میں بھارت کی 26 بینک اکاؤنٹس، 8 کرپٹو والٹس اور تقریباً 20 کمپنیاں شامل ہیں جن میں سے چار غیر فعال ہیں۔ ایک امریکی کمپنی کا سراغ بھی ملا ہے جسے بلیو چپ کی سابق خاتون ملازم چلا رہی ہے اور جس کے اکاؤنٹس میں لین دین جاری ہے۔ اسے بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تخمینوں کے مطابق بلیو چپ اسکینڈل کی مالیت کم از کم 400 ملین درہم ہے اور مزید متاثرین سامنے آنے کے ساتھ یہ رقم بڑھنے کا امکان ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سلیبرٹیز سے متعلق تمام شکایات اور دعوے مکمل سنجیدگی سے جانچے جائیں گے۔







