متحدہ عرب امارات

ریٹائرڈ بھارتی انجینئر کی قسمت چمک اٹھی، ایمریٹس ڈرا کے 10 کروڑ درہم کا جیک پاٹ جیت لیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ڈرا لاٹری میں تاریخ کا سب سے بڑا انعام جیتنے والے خوش نصیب کا نام سری رام راجا گوپالن ہے، جو بھارت کے شہر چنئی سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ انجینئر ہیں۔ انہوں نے ایمریٹس ڈرا کے MEGA7 گیم میں تمام سات نمبرز درست انداز میں ملا کر 10 کروڑ درہم (27 ملین ڈالر) کا جیک پاٹ اپنے نام کر لیا۔

ایمریٹس ڈرا، جسے ٹائکروس کمپنی چلاتی ہے، نے دسمبر 2023 میں متحدہ عرب امارات کے کمرشل گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی کی نئی پالیسی کے بعد مقامی سطح پر اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں، اور اب اس کی توجہ عالمی مارکیٹس پر مرکوز ہے۔

کمپنی کے مطابق سری رام نے 16 مارچ کو جیتنے والے نمبرز منتخب کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ نمبرز موبائل فون پر بند آنکھوں کے ساتھ اسٹائلس سے بے ترتیب طور پر منتخب کیے تھے۔

سری رام نے بتایا، "مجھے پہلے یقین ہی نہیں آیا، میں نے قرعہ اندازی کی ویڈیو دوبارہ دیکھی اور فاتح نمبرز کا اسکرین شاٹ بھی لیا۔”

سعودی عرب میں 1998 سے مقیم سری رام نے اپنی اہلیہ اور دو بیٹوں کے ساتھ زندگی گزاری اور 2023 میں ریٹائرمنٹ کے بعد چنئی واپس چلے گئے۔ وہ کچھ عرصے کے لیے لاٹری کھیلنے سے دور تھے، لیکن ایک بار پھر قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔

جیتنے کے لمحے کو انہوں نے "70 فیصد خوشی اور 30 فیصد خوف” سے تعبیر کیا۔
"یہ ایک بہت بڑی رقم ہے۔ میں نے کبھی اتنی بڑی رقم کا انتظام نہیں کیا۔ لیکن یہ جیت صرف میرے لیے نہیں، بلکہ میرے بچوں، خاندان اور ان سب کے لیے ہے جو یہ خبر پڑھ رہے ہیں۔ ہر باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائے، اور اب میرے پاس یہ موقع ہے۔”

سری رام نے رقم کے مخصوص منصوبوں کا اعلان تو نہیں کیا، لیکن اتنا ضرور کہا کہ وہ اس میں سے ایک حصہ خیرات میں دیں گے۔ "میری زندگی بدل سکتی ہے، لیکن میں خود نہیں بدلوں گا۔”

واضح رہے کہ ایمریٹس ڈرا نے متحدہ عرب امارات میں دو سال سے کچھ زائد عرصہ تک خدمات فراہم کیں۔ بعد ازاں ملک کی واحد قومی لاٹری کا لائسنس حاصل نہ کر پانے کے باعث اسے آپریشنز بند کرنا پڑے۔ یہ لائسنس بالآخر "دی گیم ایل ایل سی” کو دیا گیا، جو "دی یو اے ای لاٹری” کا موجودہ آپریٹر ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button