متحدہ عرب امارات

دبئی میں باڈی کیمروں کے استعمال کے نئے قواعد جاری، گھروں اور عبادت گاہوں میں ریکارڈنگ پر پابندی عائد

خلیج اردو
دبئی میں عدالتی فیصلوں، احکامات اور خلاف ورزیوں کی دستاویز بندی کے لیے کیمروں کے استعمال سے متعلق نئے ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ قرارداد ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

نئے قواعد کے تحت نفاذی افسران کی جانب سے کی جانے والی ریکارڈنگ کو واضح قانونی اور اخلاقی اصولوں کا پابند بنایا گیا ہے۔ قرارداد میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ کن مقامات پر ریکارڈنگ کی جا سکتی ہے اور کن جگہوں پر اس کی مکمل ممانعت ہوگی۔

قواعد کے مطابق گھروں، عبادت گاہوں، کپڑے تبدیل کرنے کے کمروں اور دیگر انتہائی نجی مقامات پر ریکارڈنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید یہ کہ جہاں بھی ریکارڈنگ کی جا رہی ہو وہاں موجود افراد کو اس بارے میں آگاہ کرنا لازمی ہوگا۔

قرارداد کے مطابق باڈی کیمرے استعمال کرنے والے افسران کو خصوصی تربیت دی جائے گی جس میں رازداری کے تحفظ، قانونی و اخلاقی ذمہ داریوں، خلاف ورزیوں کی دستاویز بندی، عدالتی کارروائیوں کے نفاذ اور ریکارڈنگ کے محفوظ استعمال و منتقلی سے متعلق امور شامل ہوں گے۔

سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ریکارڈنگز کو خفیہ اور انکرپٹڈ نظام میں محفوظ رکھا جائے تاکہ غیر مجاز رسائی یا ردوبدل کو روکا جا سکے۔ ریکارڈنگ صرف تحریری منظوری اور مخصوص قانونی مقاصد کے لیے ہی استعمال یا شیئر کی جا سکے گی۔

نئے ضوابط کے تحت سرکاری ادارے مجاز صارفین کا ڈیٹا بیس برقرار رکھنے، رازداری کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے اور نفاذی اختیارات دینے سے قبل افسران کی تربیت کے پابند ہوں گے۔

افسران کے لیے ذاتی موبائل فون، نجی کمپیوٹر یا غیر مجاز نظام پر ریکارڈنگ محفوظ کرنا، نقل کرنا یا منتقل کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ریکارڈنگ کو ذاتی یا غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

قرارداد میں سرکاری اداروں کے ساتھ معاہدہ کرنے والی نجی کمپنیوں کی ذمہ داریاں بھی واضح کی گئی ہیں۔ یہ ضوابط سرکاری گزٹ میں اشاعت کے ساتھ ہی نافذ العمل ہو گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button