متحدہ عرب امارات

پاکستان میں اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی میں پیر کے روز حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد کیلئے تحریک پیش کر دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت اجلاس میں حزب اختلاف نے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی اجازت مانگی۔

اسپیکر نے ایوان کے اراکین کی رائے لی۔ اکثریت نے قرارداد پیش کرنے کیلئے تحریک پیش کرنے کی اجازت دینے کے حق میں رائے دی۔ اس پر ڈپٹی اسپیکر نے تحریک پیش کرنے کی اجازت دی۔

قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر شہباز شریف نے قرارداد کیلئے تحریک پیش کی۔ جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 31 مارچ بروز جمعرات چار بجے تک کیلئے ملتوی کیا گیا۔

اس دن سے تحریک عدم اعتماد پر بحث اور پھر ووٹنگ کی جائے گی۔ پاکستان کی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مقررہ تعداد موجود ہے۔

اپوزیشن کو وزیر اعظم کے خلاف قرارداد کی کامیابی کیلئے 172 اراکین کی حمایت لازمی ہے۔ ایوان میں کل تعداد 342 ہے اور اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ ان کو عددی اکثریت حاصل ہے۔

اس سے ایک دن قبل اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں دھمکیوں بھرا خط ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بیرونی طاقتوں کی ایما پر یہ سب کررہی ہے۔

دوسری طرف پیر کے روز حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے چار افراد نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

Source: Khaleej times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button