
خلیج اردو
پشاور: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کو پاکستان کا خوبصورت ترین اور دلیر عوام کا صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس صوبے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم نے پشاور میں قبائلی عمائدین اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بڑے دلیری سے ملک کا دفاع کیا، اور جب بھی پاکستان کو مشکل وقت کا سامنا ہوا، خیبرپختونخوا کے عوام ہر اول دستے کے طور پر ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا فرنٹ لائن پر رہا اور رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں خیبرپختونخوا کو اب تک 700 ارب روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں اور جب تک یہ جنگ مکمل ختم نہیں ہوتی، یہ فنڈز جاری رہیں گے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کہا کہ اس میں تمام صوبوں کا حصہ ہے اور 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں کے پی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کا خصوصی ذکر کیا گیا تھا۔ چاروں صوبوں نے مشاورت سے ایک فیصد حصہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لیے مخصوص کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ این ایف سی ایوارڈ پر اگست میں اجلاس طلب کیا جائے گا اور اس حوالے سے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے تاکہ صوبوں کے تحفظات سنے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے این ایف سی ایوارڈ کو دوبارہ دیکھنے کی درخواست کی جسے وزیراعظم نے سراہا۔
وزیراعظم نے بھارت کے حالیہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 7 مئی کو بھارت نے ہمارے شہریوں کو شہید و زخمی کیا۔ دشمن نے گھات لگا کر حملہ کیا، لیکن پاکستان نے ہر بار دلیری سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو جو سبق سکھایا گیا، وہ تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو عظیم معاشی قوت بنا کر دم لیں گے اور چاروں صوبوں کو دعوت دیں گے کہ پانی کے ذخائر سے متعلق مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔







