عالمی خبریں

مودی اور نیتن یاہو نفرت کے پجاری، امن کے دشمن ہیں،بلاول بھٹو نے مودی کو نیتن یاہو کا ٹیمو ورژن قرار دے دیا

خلیج اردو
نیویارک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما نفرت کو فروغ دے رہے ہیں اور امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے مودی کو نیتن یاہو کا ’ٹیمو ورژن‘ قرار دیتے ہوئے بھارتی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ بدترین مثالوں سے متاثر نہ ہو۔

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں پریس بریفنگ کے دوران بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کرنے کے لیے اسرائیلی ڈرون استعمال کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بھی اسرائیل کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے اور مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہے، کیونکہ خود بھارتی عوام بھی امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں کیے گئے غیر قانونی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان حملوں میں شہری انفراسٹرکچر، مذہبی مقامات، ڈیموں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کئی جان کی بازی ہار گئے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ مودی انتظامیہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے، اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو وارننگ دے اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکے۔

سابق وزیر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا، ’’کیا بھارت اپنے ملک میں کسی بھی حملے کے بعد پاکستان پر الزام لگا کر جہاز فضا میں اڑائے گا یا ایٹمی میزائل فائر کرے گا؟‘‘

بلاول نے دعویٰ کیا کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ کینیڈا اور دیگر ممالک میں اپنے ’سلیپر سیلز‘ کے ذریعے دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے، اور اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تو اس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل عالمی قوانین کو پامال کر رہے ہیں اور ان کے رہنما نفرت پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button