
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں اتحاد کے دعوے غلط ثابت ہوگئے، عالیہ حمزہ اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات نے پارٹی کے اندر کشیدگی کو مزید بڑھا دیا، جس کے اثرات خیبر پختونخوا تک جا پہنچے۔
سلمان اکرم راجہ نے پارٹی کے بعض اراکین کو کم ظرف قرار دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر تلخ بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جب سے بانی نے اعلان کیا ہے کہ سیاسی فیصلے اور بیانات میرے ذریعے پارٹی کو پہنچیں گے، بہت سے لوگوں کو اس سے تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی گفتگو باہر کون لیک کرتا ہے، یہ انہیں معلوم ہے۔
سینیٹر مشعال یوسفزئی نے بھی سلمان اکرم راجہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ جب بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا تو اس فیصلے میں آپ کا کیا کردار تھا؟ اگر بانی نے کہا کہ عالیہ حمزہ پنجاب کے فیصلے کرنے میں خودمختار ہے تو آپ نے اختلاف کیوں کیا؟
بانی نے کہا کہ عالیہ حمزہ کی پنجاب میں کارکردگی سب کے سامنے ہے، جبکہ سلمان اکرم راجہ کے عادل راجہ سے رابطوں اور یوکے میں ملاقاتوں پر بھی سوال اٹھایا گیا۔ مزید برآں، بانی اور بشریٰ بی بی کے بارہا کہنے کے باوجود پانچ ماہ سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر نہ کرنے پر لیگل ٹیم کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا، جس کے باعث بانی تحریک انصاف کی رہائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔







