
خلیج اردو
شارجہ: جمعہ کی صبح خورفکان میں ایک وِلا میں گیس لیک ہونے کے باعث آگ بھڑک اُٹھی۔ شارجہ پولیس اور شارجہ سول ڈیفنس اتھارٹی کی خصوصی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا۔
52 سالہ شہری جھلسنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج کیا گیا۔ ایسٹرن ریجن کے پولیس ڈائریکٹر کرنل ولید یماہی کے مطابق صبح چھ بجے کنٹرول روم کو ایک اہل خانہ کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی اور فوری طور پر ٹیمیں اور ایمبولینس بھیج دی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، شارجہ سول ڈیفنس اتھارٹی کے فائر ماہرین نے بتایا کہ آگ کی وجہ گھر کے اندرونی سیوریج نیٹ ورک سے خارج ہونے والی محدود گیس تھی۔
پولیس ڈائریکٹر نے کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً سیوریج کی حفاظت اور صفائی کو یقینی بنائیں، آتش گیر گیس کے ساتھ کام کرتے وقت حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور خصوصی حکام کے ذریعے باقاعدہ معائنہ اور دیکھ بھال کروائیں تاکہ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔







