
خلیج اردو
شارجہ:شارجہ میں مقیم ایک ایشیائی شہری کو گاڑی میں لگنے والی آگ بجھانے میں رضاکارانہ طور پر مدد فراہم کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ شہری نے اپنی ذاتی کرین استعمال کرتے ہوئے سول ڈیفنس کی گاڑیوں کے ساتھ مل کر آگ بجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
شارجہ سول ڈیفنس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر یوسف عبید الشامسی نے اس بہادر شہری کو اعزاز سے نوازتے ہوئے کہا کہ اس کا فوری اقدام اور تعاون فائر فائٹرز کے لیے مددگار ثابت ہوا، جس سے آگ پھیلنے کا خطرہ کم ہوا اور ریکارڈ وقت میں آگ پر قابو پایا جا سکا۔
آگ ایک ویسٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کی گاڑی میں شارجہ کے صنعتی علاقے میں لگی تھی۔ متاثرہ منظر دیکھتے ہی ایشیائی شہری نے اپنی ذاتی کرین سول ڈیفنس کے اہلکاروں کے لیے فراہم کی۔ اس اقدام سے نہ صرف نقصان کم ہوا بلکہ کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔
بریگیڈیئر الشامسی نے شہری کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معاشرتی شعور اور سول ڈیفنس کے مشن کے ساتھ شراکت داری کی عمدہ مثال ہے۔







