
خلیج اردو
اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو ہم تینوں دریا چھین لیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پانی روکنے کی کوشش جنگ کی طرف لے جائے گی اور ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت پانی روکنے کی دھمکی دے رہا ہے، لیکن پاکستان اس سے مرعوب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی نے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے، یہاں تک کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ثالثی کی پیشکش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ ٹرمپ کی سیز فائر کی کوششیں کامیاب ہوں، لیکن پاکستان نے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر بھارت کو پسپا کر دیا، حالانکہ بھارت آبادی اور وسائل کے اعتبار سے پاکستان سے کئی گنا بڑا ملک ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان نسل در نسل کشمیر کے لیے جدوجہد کرتا رہا ہے اور یہ مسئلہ ہماری قومی شناخت کا حصہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران میڈیا، سوشل میڈیا اور عالمی فورمز پر مؤثر بیانیہ پیش کرتے ہوئے بھارت کو ہر سطح پر شکست دی۔






