
خلیج اردو
لندن: امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بدھ کے روز برطانیہ میں دوسری ریاستی دورے کے آغاز پر شاہی انداز میں پرتپاک استقبال دیا گیا۔ ونڈسر کیسل میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچنے پر ولی عہد پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے ٹرمپ اور فرسٹ لیڈی میلانیا ٹرمپ کا خیرمقدم کیا، اس کے بعد شاہ چارلس سوئم اور ملکہ کمیلا سے ملاقات کرائی گئی۔
تقریب کے دوران کیسل کے مشرقی لان پر پہلی جنگ عظیم کے دور کے چھ توپوں سے 41 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ ٹاور آف لندن میں بھی اسی طرح کی سلامی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں برطانوی فوج کے 120 گھوڑے اور 1300 اہلکار شریک ہوئے، جسے حکام کے مطابق حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا فوجی پروٹوکول قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ اور شاہی خاندان نے ونڈسر اسٹیٹ میں روایتی گھوڑا گاڑی کی سواری بھی کی۔ بعد ازاں ٹرمپ اور شاہ چارلس کے اعزاز میں وائٹ ٹائی اسٹیٹ بینکوئٹ رکھا گیا جس میں دونوں رہنماؤں نے تقاریر بھی کیں۔
یہ ٹرمپ کا دوسرا ریاستی دورہ ہے اور وہ واحد امریکی صدر ہیں جنہیں برطانیہ کی جانب سے دو بار یہ پروٹوکول دیا گیا ہے۔ برطانوی حکومت نے اس شاندار تقریب کے ذریعے موجودہ عالمی بحرانوں کے دوران ٹرمپ کو قریب رکھنے کی سفارتی کوشش کی ہے۔
دورے کے دوران امریکی اور برطانوی جنگی طیاروں کا مشترکہ فضائی مظاہرہ بھی کیا جائے گا جبکہ ٹرمپ ملکہ الزبتھ دوم کی قبر پر پھول بھی چڑھائیں گے۔ تاہم مظاہروں اور متنازعہ شخصیت جیفری ایپسٹین کے حوالے سے پیدا ہونے والے سوالات نے اس دورے پر دباؤ بھی ڈال دیا ہے۔







