
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور بندرگاہوں کی سیکیورٹی نے 8 جولائی بروز منگل اُن خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ امارات بعض مخصوص قومیتوں کو تاحیات گولڈن ویزا فراہم کر رہا ہے۔
آئی سی پی نے وضاحت کی کہ "تمام گولڈن ویزا درخواستیں صرف ملک کے اندر سرکاری چینلز کے ذریعے ہی نمٹائی جاتی ہیں، اور نہ ہی کوئی اندرونی یا بیرونی مشاورتی ادارہ اس عمل میں تسلیم شدہ فریق ہے۔”
اتھارٹی کے مطابق گولڈن رہائش کی اقسام، ان کے شرائط و ضوابط متحدہ عرب امارات کے قوانین، ضوابط اور سرکاری وزارتی فیصلوں کے مطابق طے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ گولڈن ویزا سے متعلق معلومات صرف ICP کی ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے حاصل کی جائیں۔
اتھارٹی کے مطابق حالیہ دنوں میں انہوں نے ایک غیر ملکی مشاورتی ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کا مشاہدہ کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ “تاحیات یو اے ای گولڈن ویزا” کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔
یہ پریس ریلیز کچھ بھارتی میڈیا اداروں اور چند اماراتی ویب سائٹس نے بغیر کسی سرکاری حوالے کے 7 جولائی کو شائع کی، جس پر ICP نے قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
قانونی کارروائی کی وارننگ
آئی سی پی نے واضح کیا کہ وہ ان اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا جو جھوٹی افواہیں پھیلا کر لوگوں کے خوابوں اور خواہشات کو کیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ان سے مالی فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہائش یا سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد جھوٹی خبروں یا افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔
مزید معلومات اور تصدیق کے لیے عوام کو ICP کی ویب سائٹ یا کال سینٹر (600522222) سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔







