
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے کویت کی سمندری حدود اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی دراندازی کی مخالفت کی ہے۔
یو اے ای نے عراق کی جانب سے اقوام متحدہ میں جمع کرائے گئے کوآرڈینیٹس کی فہرست اور نقشے پر گہری تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے، جس کے ممکنہ اثرات کویت کے سمندری علاقوں اور علاقائی پانیوں پر مرتب ہو سکتے ہیں، جن میں القدرہ شولز اور العیج شولز شامل ہیں۔
وزارت خارجہ متحدہ عرب امارات نے اپنے بیان میں کہا کہ عراق کو دونوں ممالک اور عوام کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے کو ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ یہ معاملہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور انیس سو بیاسی کے اقوام متحدہ کنونشن برائے قانون سمندر کے تحت طے شدہ ضوابط کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، اور دوطرفہ مفاہمتوں اور معاہدوں کا احترام کیا جائے۔
وزارت خارجہ نے متعلقہ امور کو تعمیری مکالمے اور سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یو اے ای کا یہ مؤقف خلیجی اتحاد اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے واضح سفارتی پیغام سمجھا جا رہا ہے۔







