
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اس گرمیوں کے موسم میں سفر کرنے والے افراد، خاص طور پر فیملیز کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ فجیرا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کر کے فی پرواز ٹکٹ پر 250 درہم تک کی بچت حاصل کر سکتے ہیں۔
فجیرا ایئرپورٹ کے جنرل منیجر اسماعیل ایم البلوشی کے مطابق جون سے مسافروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کی وجہ آسان رسائی، کم رش، اور پُرکشش پیشکشیں ہیں۔
دبئی کی معروف ٹریول ایجنسی "سمارٹ ٹریول” نے حال ہی میں فجیرا ایئرپورٹ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت وہ اگلے مہینے ایئرپورٹ پر اپنا دفتر قائم کرے گی تاکہ مسافروں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
سمارٹ ٹریول کے جنرل منیجر سفیر محمد کے مطابق، "اگر مسافر دبئی کی بجائے فجیرا ایئرپورٹ سے بھارت کے لیے روانہ ہوں، تو وہ فی فرد اوسطاً 250 درہم بچا سکتے ہیں، اور بڑی فیملیز کے لیے یہ بچت ان کی سالانہ چھٹیوں کے اخراجات میں نمایاں کمی لا سکتی ہے۔”
بھارت جانے والی پروازوں کے ٹکٹ گرمیوں میں مہنگے ہونے کی شکایات عموماً سامنے آتی ہیں، اور بعض شہروں کے لیے قیمتیں دگنی ہو جاتی ہیں۔ تاہم اس سال فجیرا سے روانگی پر مختلف آفرز موجود ہیں، جن میں تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ کے لیے محض دو گھنٹے کے ممبئی اسٹاپ اوور کے ساتھ 600 درہم میں پروازیں شامل ہیں۔
خصوصی سہولیات اور مراعات
فجیرا ایئرپورٹ کی جانب سے مسافروں کو متوجہ کرنے کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں:
-
دبئی، شارجہ، عجمان اور ام القوین سے فجیرا ایئرپورٹ تک مفت شٹل سروس
-
تمام ڈیوٹی فری خریداریوں پر 20 فیصد رعایت
-
بھارتی ایئرلائن "انڈیگو” کی روزانہ ممبئی اور کنور کے لیے پروازیں
-
انڈیگو کی پروازوں میں مسافروں کو 5 کلو اضافی سامان لے جانے کی اجازت
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی مزید بھارتی شہروں کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی اور دیگر ایئرلائنز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ اسماعیل البلوشی کے مطابق، "ہم فجیرا کو سفری مرکز بنانے کے لیے سہولیات کو بہتر بناتے جا رہے ہیں۔







