
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں موجود وزٹ ویزہ رکھنے والے سیاحوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ویزہ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے فوری اقدامات کریں، بصورتِ دیگر جرمانے اور واپسی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سفری ماہرین کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں بعض فضائی راستے بند ہو چکے ہیں، جس سے پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔
وائز فاکس ٹورازم کے سینئر مینیجر سبیئر تھیکے پوراتھ ولپیل کے مطابق، "بہت سی پروازیں مکمل بک ہو چکی ہیں۔ اگر وزٹ ویزہ رکھنے والے افراد وقت پر ٹکٹ نہ لے سکیں تو انہیں ملک سے روانگی میں تاخیر ہو سکتی ہے، جس کی صورت میں اضافی دن گزارنے پر جرمانے بھی دینا ہوں گے۔”
انہوں نے کہا کہ کئی خاندان پہلے ہی گرمیوں کی طویل تعطیلات کے لیے سفر کر چکے ہیں، خاص طور پر وہ جن کے بچے اسکول کی چھٹیوں پر ہیں، جس کی وجہ سے پروازوں میں رش بڑھ گیا ہے۔
کچھ پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار
اگرچہ یو اے ای میں دیگر ممالک کی نسبت کم پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، تاہم خطے میں جاری کشیدگی کی وجہ سے کچھ پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ضرور ہوئی ہیں۔
سبیئر نے کہا کہ "ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے دیگر شہروں سے آنے والی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں، اس لیے سیاحوں کو پہلے سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ وہ کسی پریشانی سے بچ سکیں۔”
’یو اے ای محفوظ اور مستحکم ملک ہے‘
سفری صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باوجود یو اے ای اب بھی خطے کا ایک محفوظ ترین ملک ہے، جہاں سیاح حکومتی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔
پلوٹو ٹریولز کے منیجنگ پارٹنر بھارتی آیداسانی کے مطابق، "ہم صرف یہی چاہتے ہیں کہ وزٹ ویزہ رکھنے والے افراد آخری دنوں کا انتظار نہ کریں بلکہ کم از کم 20 دن پہلے ویزہ کی تجدید یا واپسی کی منصوبہ بندی کریں۔”
انہوں نے بتایا کہ ویزہ کی توسیع سے متعلق درخواستوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خاص طور پر ان افراد کی جانب سے جو اردن، لبنان اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جہاں فضائی حدود کی بندش کے سبب سفر متاثر ہو رہا ہے۔
سفر کرنے والوں کے لیے مشورے
ماہرین نے سیاحوں کو درج ذیل اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے:
-
ویزہ کی معیاد پر نظر رکھیں
-
بروقت ویزہ کی تجدید سرکاری پورٹل یا قابل اعتماد ایجنٹ کے ذریعے کریں
-
ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں اور دوبارہ بکنگ کے امکانات پر غور کریں
-
متعلقہ سفارتخانوں یا حکام کی ہاٹ لائنز پر معلومات لیں
مزید یہ کہ مسافروں کو ایئرلائنز کی ویب سائٹس اور ایپس سے تازہ معلومات حاصل کرتے رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارتی آیداسانی کا کہنا تھا کہ "چاہے یو اے ای میں داخل ہو رہے ہوں یا ملک سے روانگی ہو، ہر صورت میں ایئرپورٹ روانگی سے قبل پرواز کی صورتحال چیک کرنا ضروری ہے۔







