متحدہ عرب امارات

ایران اسرائیل کشیدگی: غیر محتاط اقدامات دونوں ممالک کی سرحدوں کی خلاف ورزی کا باعث بن سکتے ہیں، یو اے ای کا انتباہ

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کے غیر محتاط اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات خطے میں خطرناک حدوں کو عبور کر سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات ایران اور اسرائیل، دونوں کی سرحدوں کی خلاف ورزی کا سبب بن سکتے ہیں۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ یو اے ای نے ایران پر ابتدائی اسرائیلی حملے کی مذمت کی تھی اور اب وہ علاقائی اور عالمی سطح پر فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری جنگ بندی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اس حوالے سے سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ گفت و شنید کے ذریعے تنازع کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔

شیخ عبداللہ نے واضح کیا کہ "خطہ مزید کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دانشمندی، تحمل اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری ہی ایک وسیع تر بحران سے بچاؤ کی راہ ہے۔”

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button