
خلیج اردو
ابوظہبی، 1 اگست 2025:
ابوظہبی پولیس نے سڑک پر اچانک لین تبدیل کرنے والے ڈرائیورز کی خطرناک حرکات پر مبنی ویڈیو جاری کر دی ہے جس میں حادثات اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو کے ایک کلپ میں ایک گاڑی کو اچانک ایکزٹ پر مڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو تیز رفتاری کے باعث سڑک کے کنارے لگے سائن بورڈ کو توڑتی ہوئی آگے بڑھتی ہے۔
ویڈیو میں ایک اور واقعہ بھی دکھایا گیا ہے جہاں ایک ڈرائیور نے خطرناک طریقے سے لین تبدیل کرنے کی کوشش کی، جو کہ ایک بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا اور دیگر گاڑیوں کی راہ میں رکاوٹ بھی بنی۔
ابوظہبی پولیس کے شعبہ ٹریفک اینڈ سیکیورٹی پٹرولز نے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اشتراک سے "یو کمنٹ” مہم کے تحت یہ ویڈیو نشر کی ہے۔ حکام نے ڈرائیورز کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ اچانک ایکزٹ پر مڑنے یا غلط طریقے سے اوورٹیک کرنے سے گریز کریں۔
پولیس نے کہا کہ لین تبدیل کرتے وقت اس بات کی یقین دہانی کریں کہ راستہ صاف ہے اور لاپرواہی کا مظاہرہ کر کے اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔






