Uncategorized

اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود دارالحکومت پر دھاوا بولا تو چھوڑا نہیں جائے گا، محسن نقوی

خلیج اردو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا واضح حکم آچکا ہے، اس کے باوجود ملک کے دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی کوشش کی گئی تو کسی کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کو واضح حکم دیا ہے کہ مارچ کو ہر صورت روکیں، کوئی گولی چلائے تو خاموش نہ رہیں۔

دھرنے کی کال کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو بند کرنے یا احتجاج کے نام پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوئی صورت نہیں بنتی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک بھی جان گئی تو اس کے ذمہ دار جتھے کو اکٹھا کرنے والے ہوں گے۔ ایک طرف ہم خیبرپختونخوا میں ہر روز دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، دوسری طرف شہدا کے جنازے اٹھائیں اور دھرنوں کی تیاری کریں، یہ زیب نہیں دیتا۔

محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہے تو اپنے علاقے اور شہر میں کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں توہینِ عدالت کی کارروائی ہوگی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button