
خلیج اردو
کراچی، 8 جولائی 2025 — نوجوان اداکار ثمر جعفری نے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی پسندیدہ بولی وڈ فلم ’تارا رم پم‘ ہے، اور بچپن میں وہ سیف علی خان کے مشہور ریس سین کی نقل ریموٹ کنٹرول کار پر بیٹھ کر کیا کرتے تھے۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری سے وابستہ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ثمر جعفری نے بتایا کہ وہ ڈراما سیریل پرورش کے مرکزی کردار "ولی” سے خود کو اس لیے بھی قریب محسوس کرتے ہیں کیونکہ ان کی طرح انہیں بھی موسیقی سے گہرا لگاؤ ہے۔ انہوں نے ڈرامے کے گانے "میں رہوں” کو بھی اپنی آواز میں گنگنایا، جو ناظرین کو خوب پسند آیا۔
ثمر جعفری نے مزید بتایا کہ انہوں نے کئی گانے لکھ کر رکھے ہیں اور وہ مستقبل میں ان کی ریلیز کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے بقول، انہیں اپنے والدین کی مکمل حمایت حاصل ہے، مگر ان کا ہمیشہ یہ مشورہ رہا ہے کہ فن ضرور اپناؤ لیکن تعلیم کو ترک نہ کرو۔
انہوں نے اس مشورے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا:
"تعلیم ایک مضبوط بنیاد ہے، اور میں اس کی اہمیت کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ میری کوشش ہے کہ اداکاری اور گلوکاری کے ساتھ ساتھ اپنی ڈگری بھی مکمل کروں۔”
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا اور وہ مختلف کرداروں کی نقل کیا کرتے تھے۔ خاص طور پر تارا رم پم فلم میں سیف علی خان کی گاڑی کے الٹنے والے سین کو وہ اکثر اپنے انداز میں دہراتے تھے۔







