فن و فنکارپاکستانی خبریں

جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز کا شدت سے انتظار ہے: ماہرہ خان

خلیج اردو
کراچی، 8 جولائی 2025 — پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ نیٹ فلیکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اور پوری ٹیم پُرامید ہے کہ دنیا کو پاکستانیوں کا بہترین کام دکھایا جا سکے گا۔

جرمن نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ماہرہ خان نے کہا کہ اس سیریز کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور پاکستانی فنکاروں اور تکنیکی ماہرین نے دل و جان سے کام کیا ہے۔ ان کے بقول،
"پوری ٹیم کو بے صبری سے اس دن کا انتظار ہے جب دنیا دیکھے گی کہ پاکستانیوں نے عالمی پلیٹ فارم کے لیے کیا تخلیق کیا ہے۔”

ماہرہ خان نے اپنی حالیہ فلم ’لو گُرُو‘ کے بارے میں بھی گفتگو کی اور کہا کہ اس فلم میں انہوں نے پہلی بار ایک بولڈ، خودمختار اور گلیمرس کردار نبھایا جو روایتی کرداروں سے بالکل مختلف تھا۔
"میرے بیشتر کرداروں میں رونا دھونا شامل ہوتا ہے، لیکن ’لو گُرُو‘ میں ایسا کچھ نہیں تھا، اور اسی وجہ سے لوگوں نے اسے پسند کیا۔”

انہوں نے فلم ’دیمک‘ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں فلموں کی کامیابی سے سینما انڈسٹری کی بحالی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
"اب سرمایہ کار فلم سازی میں دلچسپی دکھا رہے ہیں، جو خوش آئند بات ہے۔”

ماہرہ خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں فلموں کی تسلسل کے ساتھ ریلیز ضروری ہے:
"ایسا نہ ہو کہ ’لو گُرُو‘ ریلیز ہو جائے اور اگلے چار ماہ تک کوئی نئی فلم نہ آئے۔ چھوٹے یا بڑے بجٹ کی فلم ہو، لیکن بننی ضرور چاہیے۔”

تاہم، نیٹ فلیکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز جون میں متوقع تھی، مگر تاحال نہ تو یہ ریلیز ہوئی ہے اور نہ ہی نیٹ فلیکس کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے آئی ہے۔ ماہرہ خان سمیت تمام ٹیم اب بھی اس کے منظر عام پر آنے کی منتظر ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button