
خلیج اردو
دبئی کے Bluewaters Island آنے والے سیاحوں کے لیے ویک اینڈ پر مفت تفریح کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے، جہاں شام ڈھلتے ہی واٹر فرنٹ ایک زندہ دل اوپن ایئر اسٹیج میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار شام ساڑھے چھ بجے سے رات ساڑھے دس بجے تک جزیرے کے مختلف مقامات پر بیک وقت چار پرفارمنسز پیش کی جاتی ہیں۔ مجموعی طور پر 25 فنکار Dubai Busking Experience کا حصہ ہیں، جو گلوکاری، رقص، سرکس کرتب، جادوئی مظاہرے اور سازوں کی براہِ راست دھنیں پیش کرتے ہیں۔
سیاح اور اہلِ خانہ ریستورانوں اور کیفے کے درمیان چہل قدمی کرتے ہوئے اچانک ان فنکاروں کے گرد جمع ہو جاتے ہیں۔ بچے زمین پر بیٹھ کر موسیقی سے لطف اندوز ہوتے ہیں جبکہ بعض اوقات دھنوں پر رقص بھی کرنے لگتے ہیں۔
مشہور فنکارہ سالینا باکاؤ اپنے ہُلا ہوپ مظاہرے سے شائقین کو محظوظ کرتی ہیں، جہاں وہ بیک وقت کئی دائروں کو مہارت سے گھماتے ہوئے حاضرین کو اپنی کارکردگی میں شامل بھی کر لیتی ہیں۔
اسی طرح موسیقار اور جادوگر ایڈم کیڈابرا اپنے مخصوص انداز میں گٹار کو گود میں رکھ کر ایک منفرد طرزِ موسیقی پیش کرتے ہیں، جو حاضرین کو آہستہ آہستہ اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہے۔
یہ پروگرام یکم مارچ تک جاری رہے گا، جہاں کسی ٹکٹ یا اسٹیج کی رکاوٹ کے بغیر فنکار اور شائقین کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم رہتا ہے۔






