خلیج اردو
واشنگٹن :بحیرہ اسود پر دوران پرواز روسی لڑاکا طیارے کی امریکی ڈرون کو روکنے کی کوشش میں امریکی ڈرون روسی طیارے کے ٹکرانے سے بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا، واقعے میں روسی طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔
امریکی فوج کے مطابق روسی SU-27 لڑاکا طیارے نے امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو روکنے کی کوشش کی تھی، امریکی ڈرون طیارہ بین الاقوامی فضائی حدود میں معمول کی کارروائی پر تھا، روسی لڑاکا طیارے نے امریکی ڈرون کو روکنے کی کوشش کی اور اس کوشش میں امریکی طیارے سے ٹکرایا۔
روسی طیارے کے ٹکرانے سے امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ روسیوں کے غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ عمل نے دونوں طیاروں کو نقصان پہنچایا۔
جبکہ دوسری جانب روس نے اپنے لڑاکا طیارے کے امریکی ڈرون سے ٹکرانے کا امریکی دعویٰ مسترد کردیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی لڑاکا طیارہ امریکی ڈرون طیارے سے رابطے میں نہیں آیا۔
روسی حکام کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ روسی لڑاکا طیارے نے کوئی ہتھیار امریکی طیارے کے خلاف استعمال نہیں کیے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق امریکی ڈرون طیارہ اپنی تیز رفتاری کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہوا ہے۔
روسی وزارت دفاع نے کہا کہ روسی لڑاکا طیارہ اپنی ایئر فیلڈ پر بحفاظت واپس پہنچ گیا ہے۔