خلیج اردو
کیلیفورنیا :امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نےایک ہفتے میں تیسرے شدید موسمی طوفان کے جلد پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لینے کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا۔
انتہائی حساس علاقوں سے بڑی تعداد میں مکینوں کو باہر نکال لیا گیا اور بجلی کی ممکنہ بندش کی تیاری کر لی گئی ہے۔
گورنر نے کہا کہ وہ عوام کو طوفان کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے متحرک ہو رہے ہیں، ہنگامی حالات نافذ کرنے کا مقصد طوفان میں گھرنےجانے والوں کی حفاظت کےلئے فوری طور پر کاروائی کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی حالات کے دائرہ کار میں عوام سے غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں اور تین دن کے لیے کھانا اور پانی ذخیرہ کریں، فریزر اور ریفریجریٹرز کو صرف ضرورت پر ہی چلائیں۔
حکام نے رہائشیوں کو خبردار کیا کہ وہ ساحلوں پر نہ جائیں جہاں لہریں 20 فٹ سے زیادہ تک پہنچ جاتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا کہ نارتھ فورک ڈیم خطرے میں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ جمعرات کو پانی اپنے اخراج کی حد سے تجاوز کر جائے گا۔
خطے کے ایک ماہر موسمیات نے ایک رپورٹ میں کہا کہ "اس طوفان کا اثر خطے میں طویل عرصے تک اثرات چھوڑنے کا امکان ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اثرات میں بڑے پیمانے پر سیلاب، سڑکوں کی تباہی ، پہاڑیوں کا گرنا، درختوں کا گرنا، بجلی کی وسیع بندش، تجارت میں فوری طور پر خلل اور سب سے بدترین انسانی جانوں کا ممکنہ نقصان شامل ہوں گے۔۔۔