
خلیج اردو: اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے روسی صدر کو یوکرین بحران پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نفتالی بینیٹ نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے تین گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔
یوکرین نے اسرائیل سے ماسکو کے ساتھ بات چیت کی درخواست کی تھی۔
اسرائیلی عہدیدار کے مطابق ملاقات میں یوکرین کی صورت حال کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں ویانا میں ایران جوہری مذاکرات میں پیشرفت بھی زیربحث آئی۔
اس کے علاوہ اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ دورے کےلیے امریکا، جرمنی اور فرانس کی معاونت حاصل تھی جبکہ صدر پیوٹن سے ملاقات کے بعد اسرائیل وزیراعظم نے یوکرینی صدر کو فون کیا۔
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ ملک میں مارشل لاء لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، مارشل لاء کی ضرورت اس وقت ہوتی ہے جب ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہو۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین میں ہر چیز منصوبے کے مطابق چل رہی ہے اور جو ملک یوکرین کی فضائی حدود کو نوفلائی زون قرار دےگا وہ تنازع میں شامل ہو جائےگا۔







