
خلیج اردو
لندن: برطانیہ کے شہر کیمبرج میں سعودی عرب کے 20 سالہ طالبعلم محمد یوسف القاسم کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ سعودی سفارتخانے نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کی میت وطن واپس بھجوانے کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں اور اس کے پس پردہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ سفارتخانے نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
کیمبرج شائر پولیس کے مطابق جمعہ کی شب میل پارک کے علاقے میں تشدد کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، جہاں محمد القاسم شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ القاسم پر یہ حملہ بلااشتعال چاقو کے وار سے کیا گیا تھا۔ محمد القاسم انگلش لینگویج کے 10 ہفتوں کے کورس کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم تھا۔
مرحوم کے اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا کہ محمد یوسف القاسم جوش و جذبے، بہادری اور خلوص کا پیکر تھا۔ وہ اپنے والدین کا فرمانبردار بیٹا، بہنوں کا سہارا اور پورے خاندان کی جان تھا۔ اس کے اخلاق، دیانت اور محبت بھرا رویہ ہر دل میں اپنی جگہ بنا چکا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے 21 سالہ مقامی شخص کو قتل اور عوامی مقام پر چاقو رکھنے کے الزام میں گرفتار کر کے پیٹر بورو میجسٹریٹ کورٹ میں پیش کر دیا ہے۔ ملزم کو ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے اور وہ بدھ کے روز کیمبرج کراؤن کورٹ میں دوبارہ پیش ہو گا۔







