
خلیج اردو
نیویارک: امریکہ کے شہر نیویارک میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہوٹل کے باہر یہودیوں نے فلسطینی عوام کے حق میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے "غزہ کو زندہ رہنے دو” کے نعروں کے ساتھ فلسطینیوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی۔
احتجاج میں شریک یہودی مظاہرین نے واضح کیا کہ ان کا احتجاج اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف ہے اور وہ انسانی جانوں کے ضیاع کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ احتجاج کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ انسانی حقوق اور انصاف کی حمایت میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔







