عالمی خبریں

اسرائیلی حملوں میں مزید 74 فلسطینی شہید، نیتن یاہو کا غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ، اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس طلب

خلیج اردو
غزہ: اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں امداد کے منتظر 34 افراد سمیت مزید 74 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے اور پوری غزہ پٹی پر قبضے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان علاقوں میں بھی فوجی کارروائیاں کی جائیں گی جہاں فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رکھنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے نیتن یاہو اپنی کابینہ کے اجلاس میں آج فیصلہ کریں گے۔

اقوام متحدہ نے غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بمباری اور خوراک کی کمی کے باعث غزہ میں روزانہ 28 بچے زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق صورتحال بدترین انسانی المیے کی طرف بڑھ رہی ہے جسے روکنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

غزہ کی بگڑتی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بدھ کے روز طلب کر لیا گیا ہے، جس میں اسرائیل کی جارحیت اور انسانی امداد کی فراہمی کے فوری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button