خلیج اردو: بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے گرنے سے ایک ایئر ہوسٹس کی موت ہو گئی۔
اس کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ارچنا دھیمان حادثے سے صرف چار دن قبل دبئی سے بنگلورو پہنچی تھیں۔
وہ 28 سالہ بوائے فرینڈ آدیش کے ساتھ شہر کے ایک عالیشان مضافاتی علاقے کورامنگالا میں رینوکا ریذیڈنسی سوسائٹی کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھی۔
تفتیشی افسران کے مطابق آدیش شہر میں ایک سافٹ ویئر فرم میں کام کرتا ہے اور دونوں کی ملاقات ایک ڈیٹنگ سائٹ پر ہوئی تھی اور وہ گزشتہ چھ ماہ سے تعلق میں تھے۔
آدیش سے پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ جوڑے میں اکثر لڑائی ہوتی تھی۔ اس نے بتایا کہ حادثے کی رات دونوں نے شراب پی تھی۔
آدیش نے پولیس کو بتایا کہ ارچنا بالکونی سے پھسل کر نیچے گری، اسے قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس نے موت میں اس کے کردار کے شبہ میں آدیش کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے گرفتار کرلیا ہے۔