عالمی خبریں

ایئر انڈیا میں سنگین غفلت پر کارروائی: ڈی جی سی اے نے تین اعلیٰ عہدیداران کو ہٹانے کا حکم دے دیا

خلیج اردو
نئی دہلی: بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (ڈی جی سی اے) نے ایئر انڈیا میں عملے کی شیڈولنگ اور روسترنگ سے متعلق سنگین انتظامی غفلت پر سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے تین سینئر عہدیداران کو فوری طور پر ان کے فرائض سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈی جی سی اے کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان افسران کو تمام آپریشنل ذمہ داریوں سے ہٹا کر غیر آپریشنل کرداروں میں منتقل کیا جائے۔ مزید برآں، ان کے خلاف اندرونی تادیبی کارروائی فوری طور پر شروع کی جائے، اور اس کارروائی کی رپورٹ 10 دن کے اندر پیش کی جائے۔

حکم نامے میں جن افسران کا ذکر کیا گیا ہے ان میں چورا سنگھ (ڈویژنل وائس پریذیڈنٹ)، پنکی متل (چیف منیجر، کریو شیڈولنگ)، اور پائل اروڑا (کریو پلاننگ) شامل ہیں۔

پس منظر: احمد آباد حادثہ اور پہلے سے جاری انتباہات

یہ کارروائی 12 جون 2025 کو پیش آنے والے ایئر انڈیا فلائٹ AI171 کے المناک حادثے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں 242 میں سے 241 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ طیارہ احمد آباد سے لندن گیٹ وک جا رہا تھا، جو ٹیک آف کے فوراً بعد ایک میڈیکل ہوسٹل پر گر کر تباہ ہو گیا۔

اگرچہ ڈی جی سی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ حکم نامہ براہِ راست حادثے سے متعلق نہیں، لیکن حادثے سے چند دن قبل ہی ادارے نے ایئر انڈیا کو تین ایئر بس طیاروں میں ایمرجنسی سسٹمز کے معائنے نہ ہونے پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

نظام میں تبدیلی کے دوران بے ضابطگیاں

ڈی جی سی اے کے مطابق یہ بے ضابطگیاں اُس وقت سامنے آئیں جب ایئر انڈیا نے کریو مینجمنٹ سسٹم ARMS سے CAE پر منتقلی کے بعد جائزہ لیا۔ اس دوران یہ انکشاف ہوا کہ فلائٹ سیفٹی اور کریو کمپلائنس سے متعلق کئی اہم امور کو نظر انداز کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب تک نظام میں اصلاحات نہ آ جائیں، مذکورہ افسران کو ایسے عہدوں پر دوبارہ تعینات نہیں کیا جائے گا جو براہ راست فلائٹ سیفٹی کو متاثر کر سکتے ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button