عالمی خبریں

بھارت جنگ ہار گیا، عالمی برادری کشمیر اور آبی تنازعات کے حل میں کردار ادا کرے: بلاول بھٹو

خلیج اردو
نیویارک: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز نیویارک میں چینی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں پاک بھارت تعلقات، جنگی کشیدگی، اور کشمیر سمیت آبی تنازعات پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جاننا آسان ہے کہ پاک بھارت جنگ میں کون جیتا—بس یہ دیکھ لیں کہ کون اپنی عوام سے سچ چھپا رہا ہے اور جھوٹ بول رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اسے یہ تسلیم کرنے میں ایک ماہ لگا کہ پاکستان نے ان کے جنگی طیارے گرائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اپنی عوام کو حقیقت سے دور رکھنا اس بات کی نشاندہی ہے کہ وہ جنگ ہار چکے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اس جھڑپ میں چھ بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پاکستان نے متعدد بار بات چیت کی پیشکش کی ہے، مگر بھارت نے مسلسل اس سے انکار کیا ہے، جو علاقائی امن کے لیے ایک رکاوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ صورتحال دیرپا نہیں رہ سکتی، اور اگر خطے میں امن و استحکام مطلوب ہے تو بین الاقوامی برادری کو سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف کشمیر بلکہ آبی تنازعات کے حل میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈائیلاگ کا آغاز کروائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے اہم اور ممکنہ کامیابی ڈائیلاگ کے آغاز میں ہے، کیونکہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ہم تمام تنازعات کا حل نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button