عالمی خبریں

بنگلہ دیش میں عام انتخابات آئندہ سال فروری میں کرانے کا اعلان، عوامی لیگ الیکشن سے باہر

خلیج اردو
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات آئندہ سال فروری میں منعقد ہوں گے۔ یہ اعلان حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کو ایک سال مکمل ہونے پر کیا گیا۔ محمد یونس نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر فروری 2026 میں انتخابات کے انعقاد کی تیاری شروع کرے جبکہ انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

اس سے قبل عبوری حکومت نے انتخابات کے لیے اپریل 2026 کی تاریخ تجویز کی تھی، تاہم ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر انتخابات کو فروری میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی جماعتوں کا مؤقف تھا کہ عوامی مینڈیٹ کے تحت قائم حکومت کے قیام میں مزید تاخیر ملک میں سیاسی و معاشی بحران کو گہرا کر سکتا ہے۔

محمد یونس نے واضح کیا کہ سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کو ان انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عبوری حکومت کے مطابق یہ فیصلہ ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی انتخابی دھاندلی یا سیاسی انتقام کے خدشات کو ختم کیا جا سکے۔

بنگلہ دیش میں اپوزیشن جماعتوں نے عبوری حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کو مکمل شفافیت کے ساتھ کرایا جائے اور تمام سیاسی قوتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button