
خلیج اردو
اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان اسمبلی کے کھانے کی میز پر کاکروچ نکلنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کیفے ٹیریا کے انتظامیہ کا کنٹریکٹ فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ واقعہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ظہرانے کے وقت پیش آیا، جب ایک رکن اسمبلی نے کھانے کی میز پر روٹیوں کے ساتھ موجود کاکروچ کی ویڈیو بنا کر معاملہ اٹھایا۔
ارکان اسمبلی نے کیفے ٹیریا میں صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ اسپیکر کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا۔ واقعہ کی ویڈیو اور خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ کیفے ٹیریا کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے اور ایک اچھی شہرت کے حامل نئے کنٹریکٹر کو ٹھیکہ دیا گیا ہے تاکہ آئندہ ایسی کوتاہی نہ ہو۔
اسلام آباد ۔پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا میں کھانے سے کاکروچ برآمد
آسکر قومی اسمبلی کا پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کے کھانے سے کاکروچ نکلنے کا سخت نوٹس،کیفے ٹیریا کی انتظامیہ کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا۔ اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ سٹاف کےلیے کیفے ٹیریا کا بھی ہے،اسمبلی حکام pic.twitter.com/4VkdJeBmoK— Aatif Khattak (@MalakAatifKhan) August 5, 2025
اسمبلی حکام کے مطابق کھانے سے کاکروچ نکلنے کا یہ واقعہ دس دن پرانا ہے تاہم میڈیا میں آنے کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی کی۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی کے لیے بوفے کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں کیٹرنگ کمپنی کھانے کی فراہمی کی ذمہ دار ہوتی ہے۔
اس واقعے کے بعد اسپیکر نے ہدایت کی ہے کہ نہ صرف ارکان پارلیمنٹ بلکہ سٹاف کے لیے بھی فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔







