
خلیج اردو
دبئی: دبئی سے تعلق رکھنے والے معروف ٹریول فوٹوگرافر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر انونے سود امریکہ میں 32 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہلِ خانہ نے جمعرات کے روز انسٹاگرام پر ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
خاندانی بیان میں مداحوں سے گزارش کی گئی کہ وہ ان کی نجی زندگی کا احترام کریں اور ان کی رہائش گاہ کے قریب جمع نہ ہوں۔ انونے سود کی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لاس ویگاس میں موجود تھے، تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق سود کے انسٹاگرام پر 14 لاکھ سے زائد فالوورز اور یوٹیوب پر تقریباً 3.8 لاکھ سبسکرائبرز تھے۔ انہیں مسلسل تین سال (2022، 2023 اور 2024) فوربز انڈیا کی "ٹاپ 100 ڈیجیٹل اسٹارز” فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔
ان کے آخری سوشل میڈیا پوسٹس میں لاس ویگاس کی تصاویر اور لگژری اسپورٹس کاروں کی ویڈیوز شامل تھیں۔ ان کی آخری یوٹیوب ویڈیو 3 نومبر 2025 کو جاری کی گئی تھی جس کا عنوان تھا: "سوئٹزرلینڈ کا وہ پہلو جو سیاح کبھی نہیں دیکھتے”۔
ان کی اچانک موت نے دنیا بھر کے مداحوں اور کنٹینٹ کریئیٹرز کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر مداحوں نے تعزیتی پیغامات اور یادگاری پوسٹس شیئر کرنا شروع کر دی ہیں۔
اہلِ خانہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دکھ کے موقع پر نجی غم کے احترام میں کسی قسم کے اجتماعات سے گریز کریں۔







